نئی دہلی:12/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آر ایس ایس پر پابندی کو لے کر سیاسی گہما گہمی کے درمیان کانگریس نے صفائی دی ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ کمل ناتھ نے کہا کہ ’’وچن پتر ‘‘ (انتخابی منشور) میں پارٹی نے یا انہوں نے آر ایس ایس پر پابندی لگانے کی بات نہیں کہی۔ کمل ناتھ نے کہا کہ پارٹی کا ایسا کوئی منشا بھی نہیں ہے۔کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی جان بوجھ کر اس طرح کے مسائل کو ہوا دے کر عوام کو الجھانا چاہتی ہے، تاکہ ہمارے منشور سے عوام کی توجہ کو بھٹکایا جاسکے ۔انہوں نے بھوپال میں صحافیوں سے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم آر ایس ایس پر پابندی لگائیں گے اورنہ ہمارا ایسا منشا ہے۔ میں نے یا کانگریس پارٹی نے کبھی نہیں کہا کہ ہم آر ایس ایس پر پابندی لگائیں گے۔کمل ناتھ نے کہا کہ سرکاری مقامات کو چھوڑ کر آر ایس ایس کو شاخیں لگانے کی پوری چھوٹ ہے۔ یہ عوام فیصلہ کریں گے کہ آر ایس ایس سماجی تنظیم ہے یا سیاسی، ہم اس بکھیڑے میں نہیں پڑنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں تجاویز آئی تھے کہ آدی واسی ہاسٹل اور دیگر سرکاری اسکولوں میں، جہاں آر ایس ایس کی’’ نشست‘‘ لگ رہی ہیں، وہاں بچوں کی پڑھائی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ اس کے بعد ہم نے اپنے منشور میں اس شق کو شامل کیا۔غور طلب ہے کہ ہفتہ کو جاری اپنے منشور میں کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ریاست میں اس کی حکومت آتی ہے تو وہ حکومتی دفاتر کے احاطے میں آر ایس ایس کی نشست پر پابندی لگائیں گے اور حکومت افسر اور ملازمین کو اس کے تئیں رعایت کو منسوخ کریں گے۔اس کے ایک دن بعد اتوار کو بی جے پی ترجمان سمبت پاترا، پارٹی کے قومی نائب صدر پربھات جھا اور مدھیہ پردیش بی جے پی صدر راکیش سنگھ نے کانگریس کو چیلنج کیا تھا ۔